نئی دہلی، 20 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سال 2002 کے گودھرا کیس میں احمد آباد کی خصوصی ایس آئی ٹی عدالت نے ملزم یعقوب پٹالیا کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔یعقوب اس بھیڑ میں شامل تھا، جس نے 27 فروری 2002 کو گودھرا اسٹیشن پر سابرمتی ایکسپریس میں آگ لگائی تھی۔اس حادثے میں 59 افراد ہلاک ہوئے تھے،پھر پورے گجرات میں فسادات ہوئے تھے۔گزشتہ سال جنوری میں گجرات پولیس نے واقعہ کے 16 سال بعد یعقوب کو گرفتار کرنے میں کامیابی پائی تھی۔پولیس نے 64 سالہ یعقوب کو معاملے کی تحقیقات کر رہی ایس آئی ٹی کے حوالے کر دیا تھا۔یعقوب کے خلاف ستمبر 2002 میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی، گرفتاری کے بعد اس پر قتل کی کوشش سمیت تعزیرات ہند کی مختلف دفعات میں مقدمہ چلایا گیا۔ایف آئی آر درج ہونے کے بعد بھی وہ گرفتاری سے بچنے کے لئے بھاگ رہا تھا۔اس معاملے میں یعقوب کے بھائی قادر پٹالیا کو 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا،اگرچہ کیس کی سماعت کے دوران قادر کی جیل میں ہی موت ہو گئی تھی۔اکتوبر، 2017 میں گجرات ہائی کورٹ نے گودھرا سانحہ میں 11 قصورواروں کی موت کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کیا تھا، جبکہ دیگر 20 مجرموں کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔اس سے پہلے نچلی عدالت نے 31 ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 63 کو بری کر دیا تھا۔